اداکارہ غیرمردوں 37

غیرمردوں سے تعلقات کا شبہ ، بیٹے نے اپنی اداکارہ ماں کو قتل کردیا

50 سالہ مقامی اداکارہ ثمینہ خٹک کو ان کے سگے بیٹے نے چھریوں کے وار سے قتل کیا ، مقتولہ نے 2 شادیاں کیں لیکن ناکامی کی وجہ سے دونوں شوہروں سے طلاق لے لی تھی ، اس کے بیٹے کو شک تھا کہ اس کی ماں کے غیر مردوں کے ساتھ تعلقات ہیں ، پولیس ذرائع

لاہور صوبہ پنجاب کے دارالحکومت لاہور میں غیر مردوں سے تعلقات کے شبہ میں 50 سالہ مقامی اداکارہ ثمینہ خٹک کو ان کے سگے بیٹے نے چھریوں کے وار سے قتل کر دیا۔ پولیس کی طرف سے بتایا گیا ہے کہ اداکارہ ثمینہ خٹک عرف نینا علی لاہور کے علاقے ہنجروال میں اکیلی رہائش پذیر تھیں جنہیں ان کے سگے بیٹے احمد شہروز نے غیرت کے نام پر قتل کردیا جس کے بعد وہ موقع واردات سے فرار ہوگیا جس کو بعد ازاں پولیس نے حراست میں لے کر آلہ قتل بھی برآمد کرلیا۔

ذرائع کے مطابق مقتولہ ثمینہ خٹک عرف نینا علی نے 2 شادیاں کی تھیں اور لیکن ناکامی کی وجہ سے دونوں شوہروں سے طلاق لے لی تھی ، تاہم اس کے بیٹے احمد شہروز کو شک تھا کہ اس کی ماں کے غیر مردوں کے ساتھ تعلقات ہیں جس کی بناء پر اس نے غیرت کے نام پر اسے قتل کردیا۔

دوسری طرف صوبہ پنجاب کے شہر مظفر گڑھ کے علاقے بستی گشکوری میں شوہر کی دوسری شادی کرنے کے شک میں مبتلا بیوی نے اپنی 2 سالہ بچی کو قتل کردیا، پولیس کے مطابق خاتون کو شک تھا کہ اس کے شوہر نے چوری چھپے دوسری شادی کی ہوئی ہے ، جس کی بناء پر اس کی اپنے شوہر کے ساتھ تلخ کلامی ہوئی جو کہ بڑھتے بڑھتے شدید جھگڑے کی شکل اختیار کر گئی ، اس دوران خاتون نے طیش میں آکررات کو تیز دھار آلے سے اپنی 2 سالہ سگی بیٹی کا گلا کاٹ دیا ، ماں کے ہاتھوں قتل ہونے والی اس معصوم بچی کی لاش پوسٹ مارٹم کے لیے رورل ہیلتھ سینٹر سنانواں منتقل کردی گئی ، جب کہ پولیس کی طرف سے کی جانے والی کارروائی کے نتیجے میں خاتون کو حراست میں لے لیا گیا۔

جب کہ سیالکوٹ میں پہلی بیوی کی طرف سے دوسری شادی کی اجازت نہ دیے جانے پر ڈاکٹر نے خود کشی کرلی ، سیالکوٹ کے نواحی علاقہ بھوپال کا رہائشی ایک 40 سالہ دانتوں کا ڈاکٹر زبیر احمد دوسری شادی کرنے کا خواہش مند تھا ، جس کے لیے اس نے اپنی پہلی بیوی سے اجازت طلب کی تو اس نے صاف انکار کردیا ، جس کی بنا پر دلبرداشتہ ہوکر اس نے زہریلی گولیاں کھالیں ، طبعیت بگڑنے پر اسے ہسپتال منتقل کیا گیا تاہم وہ جاں بر نہ ہوسکا اور انتقال کرگیا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں